خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 24 اور 25 مئی کو خیبر پختونخواہ صوبے میں تین مختلف کارروائیوں میں بھارت کے حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک خفیہ آپریشن کیا۔
اس آپریشن کے دوران، فوجی دستوں نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
ٹانک ضلع میں ایک اور خفیہ آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے مزید دو بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
تیسری جھڑپ ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ہوئی، جہاں فوجی دستوں نے کامیابی سے مزید تین بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ، جو ان علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرمملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کےخلاف کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے عزم غیرمتزلزل رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت دہشتگردی کا مکمل سدباب تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے نو بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والےسکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کی بہادرسکیورٹی فورسز پر ہر پاکستانی کو ناز ہے۔