صدر آذربائیجان الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ افریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں بندھے ہیں، تینوں ممالک مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2020 میں ہونے والی جنگ میں ترکیہ اور پاکستان نے ہماری بھرپور مدد کی، پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ دفاع سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، تینوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، دفاعی شعبے میں تعاون علاقائی استحکام کیلئے اہم ہے، ترکیہ اور پاکستان کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔
صدر الہام علیوف کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی ہمارے لئے انتہائی پریشان کن تھی، تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ میں آذربائیجان نے پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
امید ہے پاک بھارت جنگ بندی مستقل برقرار رہے گی: ترک صدر
سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان کا یہ دوسرا سہ فریقی اجلاس ہے، آذربائیجان کو ان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یقین ہے آذربائیجان کے آزاد ہونے والے علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں ملکوں کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں، تینوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی باعث اطمینان ہے، امید ہے پاک بھارت سیز فائر مستقل طور پر ہوگا، پاک بھارت کشیدگی میں وزیراعظم شہبازشریف اور دیگر کی مدبرانہ قیادت کو سراہتا ہوں۔
رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ ہمارا خطہ سٹریٹجک اعتبار سے بہت اہم ہے، مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا،غزہ میں بچوں کو وحشیانہ انداز میں قتل کیا جا رہا ہے، خطے کے امن کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔