عیدِ قرباں کا موقع ہو، اور دسترخوان پر لذیذ کھانے نہ ہوں، یہ ممکن ہی نہیں۔ اس خاص موقع پر گوشت کے انواع و اقسام کے پکوانوں کو مزید ذائقہ دار بنانے کے لیے مختلف دیسی مسالوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہی مسالے نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتے ہیں بلکہ ہماری صحت کے لیے بے شمار فوائد بھی رکھتے ہیں۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق اگر اعتدال کے ساتھ ان قدرتی مسالوں کو استعمال کیا جائے تو یہ ہماری مجموعی صحت کے لیے ایک بہترین دوا کا کام دیتے ہیں۔ یہ مسالے نہ صرف قوت مدافعت بڑھاتے ہیں بلکہ کئی خطرناک بیماریوں جیسے کہ کینسر، دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس سے بچاؤ میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ ہمارے کچن میں موجود یہ عام مگر بیش قیمت دیسی مسالے عید قرباں کے پکوانوں کو نہ صرف مزیدار بناتے ہیں بلکہ جسم و دل کو صحت مند رکھنے میں کیسے مدد دیتے ہیں۔
دار چینی
دارچینی کی خوشبو کھانے میں ایک خاص کشش پیدا کرتی ہے۔ یہ بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ ایک چمچ شہد، ایک چائے کا چمچ دارچینی پاؤڈر اور ایک کپ گرم پانی ملا کر استعمال کرنے سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور ہڈیوں کے درد میں کمی آتی ہے۔
کالی مرچ
گرم مصالحے کی جان، کالی مرچ آنتوں کے کینسر کے خلاف مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔ یہ بھوک بڑھاتی ہے، دل کو طاقت دیتی ہے اور معدے میں گیس کے بننے کو روکتی ہے۔ گوشت کے فرائی آئٹمز میں اس کا استعمال ذائقے کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
چھوٹی الائچی
میٹھے پکوان ہوں یا خوشبو دار قہوہ، چھوٹی الائچی ایک لازمی جز ہے۔ یہ منہ کی بدبو، کھانسی، ہچکی اور پتھری جیسے مسائل میں مفید ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔
کالا اور سفید زیرہ
یہ دونوں قسم کے زیرے نظامِ ہضم کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ جگر کو طاقت دیتے ہیں اور شوگر کے مریضوں کے لیے مفید دوا ہیں۔ ابلے پانی میں زیرہ ڈال کر نہانے سے جسم کو تازگی ملتی ہے اور جلد کی خارش کم ہوتی ہے۔
کلونجی
کلونجی کو ’ہر مرض کا علاج‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں فاسفورس، آئرن اور کیروٹین جیسے اجزاء موجود ہیں جو جسم کی قوتِ مدافعت کو بڑھاتے ہیں۔ کلونجی کا تیل گرم پانی میں ڈال کر نہار منہ پینے سے دمہ، کھانسی اور الرجی جیسے مسائل میں افاقہ ہوتا ہے۔
سونف
سونف معدے کی جلن دور کرتی ہے، خون کو صاف کرتی ہے اور ہچکی کو روکتی ہے۔ پلاؤ یا قہوے میں اس کا استعمال کھانے کی خوشبو اور ہضم کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔
لونگ
دانت کے درد، پیٹ کی خرابی اور سانس کی دشواری میں لونگ کا استعمال مؤثر ہے۔ اس کا تیل جراثیم کش بھی ہے اور چہرے کی جلد کو صاف و شاداب بناتا ہے۔
میتھی دانہ
میتھی دانہ نہ صرف کھانوں کو خوشبودار بناتا ہے بلکہ اعصابی تھکاوٹ، کمر درد، جگر کے درد، گلے کی سوجن اور موسمی بیماریوں میں بھی مفید ہے۔
خشک دھنیا
خشک دھنیا منہ کے چھالوں، جلد کی سوزش، خون کی کمی اور بھوک کی کمی جیسے مسائل میں کارگر ہے۔ گوشت کے پکوانوں میں اس کا استعمال ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
احتیاط شرطِ اول
یاد رکھیں کہ ان تمام مسالوں کا استعمال بے شمار فوائد رکھتا ہے، مگر اعتدال میں رہنا بہت ضروری ہے۔ ان کی زیادتی نقصان دہ بھی ہو سکتی ہے۔ اس لیے عید کے پکوانوں میں ان کا استعمال مناسب مقدار میں کریں تاکہ ذائقہ بھی برقرار رہے اور صحت بھی۔