پشاور: جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان

پشاور: قربانی کے جانوروں کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ پشاور کی مویشی منڈیوں میں اس سال جانوروں کی قیمتیں گذشتہ برس کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہو گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بڑے جانور کی قیمت میں 30 سے 40 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ چھوٹے جانوروں کی قیمتیں بھی غیر معمولی طور پر بلند ہو گئی ہیں۔ شہری عید سے قبل قیمتوں میں کمی کی امید لگائے بیٹھے رہے، تاہم آخری تین دنوں میں جانور مزید مہنگے ہو گئے۔

اب بڑے جانوروں کی قیمتیں دو لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہیں جبکہ چھوٹے جانوروں کی قیمتیں ایک لاکھ سے چار لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ شہری کم قیمت اور معیاری جانور کی تلاش میں منڈیوں کے چکر لگاتے رہے، لیکن مہنگائی نے ان کے لیے محدود آپشنز چھوڑ دیے۔

مجبوراً شہری مہنگے داموں قربانی کے جانور خریدنے پر مجبور ہو گئے، جس نے عید کی خوشیوں کو بھی متاثر کیا۔