پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں پولیس نے دو علیحدہ کاروائیوں کے دوران تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق مغویوں کو مختلف اوقات میں اغوا کیا گیا تھا، جب کہ دیگر مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
صادق آباد کے کچے کے علاقے میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے ایک مغوی امان اللہ کو بازیاب کرا لیا۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کے مطابق امان اللہ کو گزشتہ شب اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بحفاظت بازیاب کرایا۔ دیگر دو مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ جلد کامیابی کی امید ہے۔
دوسری کارروائی گھوٹکی کے علاقے اوگاہی پتن میں ہوئی، جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو پندرہ روز قبل اغوا کیے گئے دو بھائیوں، محمد مراد اور محمد قاسم کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دونوں مغویوں کا تعلق قادرپور سے ہے اور انہیں کھیتوں کو پانی دیتے وقت اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے مغویوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام نے دونوں کامیاب کارروائیوں کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچے کے علاقوں کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔