اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے اسے 10 فیصد تک محدود کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظر ثانی کی ہے اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کا اختیار صوبوں کے پاس رہے گا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے سندھ کی جامعات کے لیے مختص رقم میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 2.6 ارب روپے سے بڑھا کر 4.6 ارب روپے کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ بجٹ میں سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جسے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے مسترد کر دیا تھا۔