جوہری توانائی کی جانب بڑی پیش رفت، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 پر کام جاری

پاکستان کی توانائی خودکفالت کے سفر میں ایک اور اہم قدم، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کی تکمیل سے قومی گرڈ کو 1200 میگاواٹ ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کے ذریعے ملک میں جوہری توانائی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 8 ہزار میگاواٹ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

چشمہ 5 پاور پلانٹ میانوالی سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ جدید ترین تیسری نسل کا پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر ہے، جو ہاؤلنگ ون ماڈل پر مبنی ہے اور بین الاقوامی معیار اور حفاظتی تقاضوں پر مکمل طور پر پورا اترتا ہے۔

منصوبے پر کام کرنے والے سینئر انجینئر حبیب الرحمن کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر توانائی پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، اور 8 ہزار میگاواٹ پیداواری ہدف ملک کی معاشی و صنعتی ترقی کی بنیاد بنے گا۔

ڈاکٹر راشد محمود کے مطابق چشمہ فائیو جیسے منصوبے نہ صرف توانائی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ مقامی سطح پر روزگار اور تکنیکی مہارت کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر انرجی کو ترقی کا ایک مضبوط ستون بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور پاکستان عالمی معیار کی جوہری ٹیکنالوجی کو اپنا کر ایک پائیدار، سستی اور ماحول دوست توانائی مستقبل کی جانب گامزن ہے۔