ایس آئی ایف سی کی دو سالہ کارکردگی: معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب پیش قدمی

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کو دو سال مکمل ہو گئے، جس دوران کونسل نے معاشی ترقی، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری نے ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے معدنی شعبے میں غیرملکی و مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ اربوں روپے کے معاہدے طے پائے، جو نہ صرف آمدنی کا ذریعہ بنے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے۔

زرعی شعبے میں کارپوریٹ فارمنگ اور برآمدی اشیاء کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا، جب کہ گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت اسمارٹ زراعت کی بنیاد رکھی گئی، جس سے ماحولیاتی استحکام اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کا فروغ ممکن ہوا۔

آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں بھی ایس آئی ایف سی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، جس سے نوجوانوں کو روزگار اور ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہوا۔

صنعت، سیاحت، اور نجکاری کے شعبوں میں بھی ایس آئی ایف سی نے متعدد پالیسی اصلاحات متعارف کروائیں، جن سے معیشت میں وسعت اور شفافیت کا پہلو ابھرا۔

توانائی اور قابلِ تجدید ذرائع میں کی گئی اصلاحات سے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی گئی، جب کہ پانی کی منصفانہ ترسیل، بی ٹو بی سرمایہ کاری اور ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں ایس آئی ایف سی کے نمایاں اقدامات میں شامل ہیں۔

سلامتی اور شفافیت کے امتزاج کے ساتھ ایس آئی ایف سی پاکستان کو ایک مستحکم اور سرمایہ کار دوست معیشت بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔