ممبئی: بالی وڈ کی مقبول موسیقار جوڑی ساجد واجد کے رکن واجد علی 42 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق موسیقار واجد علی طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا تھے، اور وہ طبعیت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے پچھلے 4 دنوں سے وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔
بالی ووڈ کے معروف گلوکار وموسیقار سلیم مرچنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر واجد علی کی موت کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مقبول موسیقار جوڑی ساجد واجد کے رکن واجد علی کی موت سے بہت دکھی اور حیران ہوا ، آپ کے جانے سے ہماری انڈسٹری کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔
بھارتی ادکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی ٹوئٹ میں واجد علی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک چیز ہمیشہ یاد رکھوں گی وہ ہے واجد علی کی ہنسی، جو ہر وقت مسکراتے رہتے تھے لیکن ہمیں بہت جلد چھوڑ کر چلے گئے، آپ ہمیشہ دعاوں میں یاد رہوگے۔
معروف بھارتی گلوکار مکا سنگھ نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ بہت افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری کو بہت سے ہٹ گانے دینے والے بہت ہی باصلاحیت موسیقاروگلوکار واجد علی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔واضح رہے معروف طبلہ نواز استاد شرافت علی خان کے بیٹے تھے اور واجد علی نے حال ہی میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے گانے ’بھائی بھائی‘ کی کمپوزنگ دی تھی۔