اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول کی شادی کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا کی زینت بنی تو اس پر صارفین کی جانب سے الزامات اور تنقید کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
شہروز اور صدف کی شادی کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے غیر معمولی رد عمل کا اظہار کیا اور ان کی جانب سے صدف کنول کو سائرہ اور شہروز کی طلاق کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صدف اور شہروز پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین سائرہ یوسف کے لیے ہمدردی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر صدف اور شہروز کا نام ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے اور ان پر تنقید و الزامات کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔
اس ضمن میں اداکار شہروز سبزواری بھی چپ نہ بیٹھ سکے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اس بحث کا جواب اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا۔
اداکار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'جو کچھ میرے اور میرے خاندان کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے، میں حلفاً کہتا ہوں کو میری اور سائرہ کی علیحدگی کی وجہ کوئی عورت بشمول صدف کنول یا بے وفائی نہیں ہے'۔
شہروز نے الزامات لگانے والوں کو کہا کہ ‘میں یہ کھلا چیلنج دے رہا ہوں جو بھی کہتا ہے کہ کسی عورت کی وجہ سے میں نے سائرہ کو طلاق دی ہے تو وہ سامنے ا?کر اس بات کا ثبوت دے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے اور سائرہ نے بہت کوشش کی کہ ہمارا رشتہ نہ ٹوٹے لیکن ہماری بہت ہی ذاتی وجہ سے علیحدگی ہوئی جو کہ ہم حل نہیں کر سکے، سائرہ کو طلاق نہیں دینا چاہتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ہمارا رشتہ بے حد عزت اور احترام کے ساتھ ختم ہوا۔
شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ’میں یہ ویڈیو اپنی بیٹی کے لیے بنا رہا ہوں کیونکہ وہ آج سے 4 یا 5 سال بعد مجھ سے پوچھے گی یہ سب کیا ہے تو اس پر میرا جواب یہ ہوگا‘۔