ندا اوریاسر کا کورونا سے حالت تشویشناک ہونے کی خبر پر سخت برہمی کا اظہار

 اداکار یاسر نواز اور ندا یاسر نے کورونا وائرس کے باعث اپنی تشویشناک حالت سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

مشہور اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر نے کورونا وائرس کے باعث اپنی تشویشناک حالت سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

یاسر نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر کہا کہ ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم گھر پر قرنطینہ میں ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں لہذا ہماری صحت سے متعلق غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں۔


انسٹاگرام پر ہی اہلیہ ندا یاسر نے بھی ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ آپ کی دعائیں میرے ساتھ ہیں، میں اور اہل خانہ بالکل ٹھیک ہیں لہذا ہماری صحت سے متعلق غلط خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ ندا یاسر، یاسر نواز، علیزے شاہ اور ان کے دوست نعمان سمیع میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ ندا یاسر کے مارننگ شو کے سیٹ پر موجود عملے کے اراکین میں بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔