کورونا‘ کرکٹ کے ویران میدان آباد ہونے لگے

 کورونا سے متاثر کرکٹ کی اکھڑی سانسیں بحال ہونے لگیں،انگلش بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا شیڈول جاری کردیا، پہلا میچ 8 سے12 جولائی تک ہیمپشائر کے ایجز باﺅل سٹیڈیم میں دنیا بھر کے ٹی وی ناضرین کی توجہ کا مرکز بنے گا، اگلے دونوں مقابلے 3،3 روز کے وقفے سے لنکا شائر اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں شروع ہوں گے،شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی، وینیوز کا جائزہ لینے والے خصوصی پینل نے بائیو سیکیورٹی کی یقین دہانی حاصل کرنے پر سفارش کردی۔

ای سی بی بورڈ نے بھی منظوری دے دی،البتہ ابھی حکومت کی اجازت باقی ہے،پاکستان سے سیریز کے میزبان سٹیڈیمز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ڈائریکٹر آف اسپیشل ایونٹس سٹیو ایلوردی مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ویسٹ انڈین بورڈ کے شکرگزار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا جرات مندانہ فیصلہ کرنے والا انگلش کرکٹ بورڈ مسلسل مثبت پیش رفت کر رہا ہے،ویسٹ انڈیز اور پاکستان کو ٹور کیلئے آمادہ کرنے کے ساتھ بائیو سکیور کرکٹ کی پلاننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


 
ان میچز کی میزبانی کا مشکل چیلنج قبول کرنے کے خواہاں سٹیڈیمز کی مینجمنٹ سے درخواستیں طلب کرلی گئی تھیں، ان میں سے 4 نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے 11 مئی تک کاغذات جمع کرا دئیے تھے، انگلش کرکٹ بورڈ کے ایک آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے پینل نے موجودہ صورتحال میں میچز کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے صرف 2 وینیوز تک محدود رہنے کی سفارش کردی تھی جسے ای سی بی کے بورڈ نے منظور کر لیا، گذشتہ روز ویسٹ انڈیز کے ٹور کا باقاعدہ شیڈول بھی جاری ہوگیا، مہمان ٹیم 9 جون کو آمد کے بعد 3 ہفتے تک لنکا شائر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں قرنطینہ ٹریننگ کرے گی۔
یہاں سے وہ ہیمپشائر روانہ ہوں گے جہاں ایجز باﺅل سٹیڈیم 8 سے 12 جولائی تک شیڈول پہلے ٹیسٹ کا میزبان ہوگا، 16 سے 20 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں میدان سجے گا،تیسرا ٹیسٹ بھی اسی وینیو پر 24 سے 28 جولائی تک کھیلا جائے گا، میچز میں تین، تین دن کا وقفہ رکھا گیا ہے، دونوں سٹیڈیمز کا انتخاب کرتے ہوئے خصوصی پینل نے اس بات کا خیال رکھاکہ بائیو سیکیورٹی کیلئے کیے جانے والے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔

آمدورفت کیلئے آسان ترین روٹ، ملحقہ ہوٹلز، میڈیکل سکریننگ اور کسی میں علامات پائے جانے پر آئسولیشن کی سہولت، کھلاڑیوں، آفیشلز اور براڈکاسٹرز کے لیے کشادہ جگہ، کم از کم 200 کاروں کی پارکنگ کو یقینی دیکھتے ہوئے دونوں وینیوز کے حق میں ووٹ دیا گیا، ایجز باﺅل کو صرف انتظامی فیس ملے گی، اخراجات ای سی بی خود اٹھائے گا، دوسری طرف پینل پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ممکنہ وینیوز کو ذہن میں رکھے ہوئے ہے، حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ انگلش بورڈکے ڈائریکٹر آف اسپیشل ایونٹس اسٹیو ایلوردی نے کہاکہ ہم انگلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں لیکن پہلی ترجیح کرکٹرز، آفیشلز اور براڈکاسٹرز سمیت ہر فرد کی صحت اور سلامتی ہے،ہم اس کے لیے محفوظ ترین ماحول بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ہمارا حکومت اور میڈیکل ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے،ان کی جانب سے دی جانے والی تمام تر ہدایات ہمارے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، ایک مثبت پیش رفت کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا مجوزہ شیڈول دے دیا تاہم حکومت کی طرف سے اجازت کا انتظار کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ہم ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، امید ہے کہ طویل تعطل کے بعد ہونے والے مقابلے شائقین کو بھرپور تفریح اور خوشی فراہم کریں گے۔