اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے 9100 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ اسلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے9100 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ گولڈن ہینڈشیک دیے جانے والے ملازمین کو تمام واجبات فوری ادا کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کے منصوبے کی سپریم کورٹ سے منظوری لی جائے گی جب کہ ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اس سلسلے میں پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسٹیل ملز ملازمین کو نوکریوں پر برقرار رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جب کہ ریٹائر کیے جانے والے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے وزارت خزانہ 20ارب روپے فراہم کرے گی۔
دوران اجلاس ای سی سی نے مختلف محکموں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دی ۔ ای سی سی نے ویسٹرن بارڈر منیجمنٹ کے لیے 8 ارب 84 کروڑروپےکی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی ، یہ رقم سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے لیے20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔