پشاور۔خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ٗ ماسوائے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے نجی آئل کمپنیوں کے پاس سٹاک ختم ہوگیا ہے ٗ قیمتوں میں مزید کمی کے خدشے کے پیش نظر نجی آئل کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کیلئے خام مال کے سودے نہیں کئے ٗ جس کے باعث طلب و رسد میں عدم توازن پیدا ہوگیا ہے ٗ رسد میں تعطل سے پٹرول پمپوں میں پٹرول و ڈیزل ناپید ہے ٗ پشاور میں نجی آئل کمپنیوں کے فلنگ اسٹیشنوں میں سیل بند ہے ٗ بیشتر پٹرول پمپ بند ہو چکے ہیں ٗ جس کے باعث پشاور سمیت صوبے میں پٹرولیم مصنوعات شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں کورونا بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں ٗ قیمتوں میں بے یقینی کی صورتحال کے باعث نجی آئل کمپنیاں پٹرولیم خام مال کے سودے نہیں کر رہی ہیں
ٗ گزشتہ دو ماہ سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی سے نجی آئل کمپنیوں کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ٗ ذرائع کے مطابق نجی آئل کمپنیوں کی جانب سے سودے نہ کرنے سے ملک بھر میں پٹرول و ڈیزل اور اس سے جڑی دیگر مصنوعات کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ٗ رواں ماہ کیلئے پاکستان میں موجود نجی آئل کمپنیوں نے پٹرول و ڈیزل کے سودے نہیں کئے جس کے باعث پشاور سمیت خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں نجی آئل کمپنیوں کے فلنگ اسٹیشنوں کے ساتھ آئل ڈپوؤں میں بھی سٹاک ختم ہوگیا ہے گزشتہ تین دنوں سے پٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہے صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) پٹرول و ڈیزل کی سپلائی کر رہا ہے اور پی ایس او کے پمپوں پر پٹرول و ڈیزل وافر مقدار میں موجود ہے تاہم ان پمپوں پر گاڑیوں ٗ موٹر سائیکلوں ٗ بسوں ٗ ویگنوں ٗ رکشوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ٗ لوگوں کو پٹرول و ڈیزل ڈلوانے کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے آئندہ چند دنوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔