حال ہی میں بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے ہم شکل پاکستانی نوجوان کانٹینٹ کریئیٹو ایجنسی کے مالک و فوٹوگرافر فرحان خان شیروانی کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچائی تھی۔ لاہور کے نوجوان فرحان خان شیروانی کی تصاویر دیکھ کر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی لوگ بھی دھوکا کھا کر انہیں رنبیر کپور ہی سمجھ بیٹھے تھے۔
فرحان خان شیروانی کی تصاویر کے وائرل ہونے سے قبل اپریل میں پاکستان کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کی ہم شکل عرب فیشن بلاگر روزا کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچائی تھی اور پہلی بار روزا کی تصاویر دیکھنے والے افراد نے عرب بلاگر کو پاکستانی اداکارہ ہی سمجھا تھا۔ روزا کی تصاویر جہاں پاکستان میں خوب وائرل ہوئیں، وہیں ان کی تصاویر کو مشرق وسطیٰ اور بھارت میں بھی پسند کیا گیا۔
اور اب پاکستان کی نوجوان اداکارہ اقرا عزیز کی ہم شکل لبنانی آرکیٹک لڑکی کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ہے، جو پہلی نظر میں بالکل پاکستانی اداکارہ کی اوریجنل کاپی ہی دکھائی دیتی ہیں۔
For a minute I thought.. but no no this is another beautiful human being guys. Relax. https://t.co/E3iL1EbZn4
— Sidra Aziz (@NamkeenJalebi) June 2, 2020
اقرا عزیز کی ہم شکل لبنانی لڑکی کی ویڈیو دیکھ کر عام لوگوں کی طرح اداکارہ کی بہن بھی دھوکے میں آگئیں اور انہوں نے بھی پہلی نظر میں لبنانی لڑکی کو اپنی بہن سمجھا۔ اقرا عزیز کی بہن سدرہ عزیز نے اپنی ٹوئٹ میں لبنانی آرکیٹک لڑکی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے بھی پہلے یہی سمجھا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی لڑکی ان کی بہن اقرا عزیز ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے لوگوں پر واضح کیا کہ لیکن ویڈیو میں دکھائی دینے والی لڑکی اقرا عزیز کی ہم شکل ہیں۔
سدرہ عزیز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں لبنانی لڑکی کو اپنے منگیتر کے ساتھ عربی گانے پر گاڑی میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لبنانی لڑکی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد دیگر لوگوں نے بھی انہیں اقرا عزیز کی ہم شکل قرار دیا، جس پر لبنانی لڑکی نے بھی ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ انہوں نے گوگل پر اقرا عزیز کی تصاویر دیکھیں، وہ بہت خوبصورت ہیں۔ لبنانی لڑکی نے خود کو اقرا عزیز کا ہم شکل قرار دینے پر پاکستانی لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔