پشاور۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کورونا وباء کے خاتمے کیلئے ”نو ماسک نو سروس“ کی پالیسی اپناتے ہوئے ماسک نہ پہننے والے ٹرانسپورٹروں کو جرمانہ اور سواریوں کو سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی طارق حسن مومند نے کورونا وباء سے بچنے کیلئے حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ”نو ماسک نو سروس“ کی پالیسی اپناتے ہوئے چار ٹیمیں تشکیل دیدیں جو پشاور کے تمام اڈہ جات میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈیوٹیاں انجام دیں گی۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم اڈہ جات میں ٹرانسپورٹ میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے ڈرائیوران کا چالان کرنے سمیت سواریوں کو گاڑیوں سے اتارا جائیگا۔ اسی طرح ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کو باقاعدہ کورونا وباء سے بچنے کیلئے آگاہی بھی دی جائیگی جبکہ آر ٹی اے حکام کی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔