امریکہ میں نیویارک اور نیو جرسی جو کہ کورونا وائرس کی وبا کا مرکز بنے ہوئے تھے اب وہاں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ لیکن اب ملک کی 21 ریاستوں میں کورونا کے نئے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ایسا معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔
ایک لاکھ ساڑھے بارہ سو سے زیادہ اموات کے ساتھ وہاں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بیس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
ان 21 ریاستوں میں سے 12 جن میں جنوبی کیرولینا اور ٹیکساس بھی شامل ہیں کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ گذشتہ ماہ میموریل ڈے کی چھٹی کے بعد سے ہوا ہے۔
ایریزونا میں کورونا انفیکشن اور ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد دونوں میں اضافہ ہوا ہے اور مقامی سطح پر صحت کے شعبے سے منسلک حکام نے خطرے کی گھنٹی بجانا شروع کر دی ہے۔
بدھ کو وہاں مصدقہ متاثرین کی تعداد 29852 ہو چکی تھی اور ہلاکتوں کی تعداد 1101 تک پہنچ چکی ہے۔
ریاست کے سب سے بڑے ہسپتال، بینر ہیلتھ نے بھی خبردار کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے اس کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں مزید مریضوں کی گنجائش نہیں رہی اور وینٹی لیٹرز کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے جبکہ ریاست کے ہیلتھ ڈائریکٹر نے ایریزونا میں موجود ہسپتالوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے شعبہ ایمرجنسی کو مکمل طور پر فعال رکھیں۔