اسلام آباد: پاکستان نے کورونا کی ٹیسٹنگ کٹ تیار کرلی جس کی ڈریپ سے بھی منظوری لے لی گئی ہے۔ پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے ٹیسٹنگ کٹ تیار کرلی جسے پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے منظور کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قوم کو یہ خوشخبری سنائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا اور ڈریپ نے پاکستان کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری دے دی ہے۔
Another landmark achieved.... DRAP has approved Pakistan first COVID testing kit, Congratulations to @Official_NUST and our brilliant scientists ...you people have made us proud ... this ll bring significant cost reduction of COVID tests also ll save huge import bill
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 12, 2020
وفاقی وزیر نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اور ٹیکنالوجی (نسٹ) کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نسٹ اور ہمارے سائنسدانوں کو مبارک ہو، آپ لوگوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔ وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ اس کامیابی سے کورونا وائرس کے لیے ہونے والے ٹیسٹ کی لاگت میں نمایاں کمی آئی گی جس سے ہم درآمدات سے بھی بچ سکیں گے۔