پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں کورونا مریضوں کے لیے مزید ہسپتالوں اور بستروں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پشاور میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے جدید طبی سہولیات سے آراستہ 200 بستروں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
اس امر کا اعلان وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سیلم خان جھگڑا نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، این سی او سی حکام، سیکریٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر متعلقہ عہدیداران کے ہمراہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورے کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر پی آئی سی حکام نے بریفیگ دی جبکہ وزیر صحت، چیئرمین این ڈی ایم اے نے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر اتفاق کیا کہ پی آئی سی کو کورونا سنٹر میں تبدیل کیا جائے جس سے پشاور میں کورونا مریضوں کے لیے مزید بستروں کی گنجائش پیدا ہو گی اور انہیں بہتر صحت سہولیات میسر ہوں گی۔ پی آئی سی میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے 50 بستروں پر مشتمل آئی سی یو اور 150 بستروں کا ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ قائم کیا جائے گا۔ وزیر صحت اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو پی آئی سی کو کورونا سنٹر میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز تر کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس کورونا سنٹر کے فعال ہونے پر پشاور میں کورونا مریضوں کے لیے آئی سی یو بستروں کی استعداد میں مزید اضافہ ہو گا اور کورونا کے پیچیدہ کیسز کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں گی۔