کورونا سے مقابلہ، بنگلہ دیش پولیس اہلکار یوگا کرنے لگے

 کورونا وائرس کی وبا سے لڑنے کیلئے بنگلہ دیشی پولیس نے نئی ترکیب آزماتے ہوئے اہلکاروں کیلئے یوگا سیشنز کا انعقاد کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے یوگا سیشنز میں 1200 پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ یوگا مشقیں اہلکاروں کے بیماریوں کے خلاف مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کرائی جارہی ہیں تاکہ یہ بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں اب تک 6 ہزار پولیس اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 19 اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ملک میں اس وقت تک 98 ہزار 489 افراد مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 305 تک پہنچ گئی ہے۔