چینی فوج نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی

: چین کی فوج کے ریسرچ یونٹ نے ایک بائیو ٹیک کمپنی کی معاونت سے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی ہے جسے ایک سال کے لیے استعمال کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

 چینی حکومت نے اپنی فوج کے ریسرچ یونٹ کی جانب سے تیار کی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کو فوجی جوانوں پر استعمال کے لیے منظوری دیدی ہے تاہم یہ منظوری صرف ایک سال کے لیے دی گئی ہے۔ ویکسین کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ایک سال کے بعد معیاد میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔


 
ویکسین کی تیاری میں چینی فوج کی معاونت کرنے والی کمپنی کینسینو بائیولوجکس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلینیکل ٹرائلز کے دوران اس ویکسین کے کافی مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔ یہ ویکسین کینسینو بائیولوجکس اور ملٹری میڈیکل سائنسز کے ادارے بیجنگ انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

کینسینو بائیولوجکس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ اس ویکسین کو کمرشل کیا جائے گا یا نہیں تاہم یہ طے ہے کہ ایک سال کی معیاد پوری ہونے کے بعد ویکسین کو مزید توسیع ملے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ کتنے چینی فوجی ٹرائل میں حصہ لیں گے۔


 
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس 17 ویکسینز کے کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں اور ان میں سے تقریباً آدھے کلینیکل ٹرائلز میں چینی کمپنیاں اور انسٹیٹیوٹس شامل ہیں اس کے بعد امریکا کا نمبر آتا ہے۔ جرمنی اور اسرائیل میں بھی حوصلہ افزا ٹرائل جاری ہیں۔ علاوہ ازیں 131 ویکسیز کی تیاری تاحال کلینیکل ٹرائلز کے مرحلے تک نہیں پہنچ سکی ہیں۔