جڑواں ریسلر بہنوں کے، بیٹوں کی پیدائش ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمینٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) سے 2019 میں ریٹائرڈ ہونے والی امریکی جڑواں ریسلر بہنیں نکی اور بری بیلا کے ہاں ایک روز کے وقفہ سے بیٹوں کی پیدائش ہوئی۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق36 سالہ بری اور نکی دونوں بہنوں نے رواں برس جنوری میں ایک میگزین کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ دونوں حمل سے ہیں اور جلد ہی دونوں کے بچوں کی پیدائش متوقع ہے، تاہم یکم اگست کو بری بیلاکے بیٹے کی پیدائش ہوئی جبکہ اس سے اگلے روز دو اگست کو نکی بیلا کے بیٹے کی پیدائش ہوئی ۔ دونوں جڑواں بہنوں کی خواہش تھی کہ جس طرح وہ خود جڑواں ہیں اسی طرح ان کے ہاں بیک وقت جڑواں بچے ہی پیدا ہوں، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ بری بیلااور نکی بیلا نے 2007 میں ریسلنگ کیریئر کا آغازکرتے ہوئے ایک ساتھ ریسلنگ رنگ میں اتری تھیں،جبکہ دونوں بہنوں کی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا اور دونوں نے کئی ریسلنگ ایونٹ اپنے نام کیے۔ بری بیلا نے 2014 میں ریسلر ڈینیئل برین سے شادی کی تھی ، اور ان کی پہلے بھی ایک بیٹی ہے۔ دونوں بہنوں کے بچوں کی پیدائش پر مختلف شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔