ہری پورمیں بجلی بلوں کے تنازعہ پر فائرنگ ، 5سگے بھائیوں سمیت 6افراد جاں بحق

ہری پور۔بجلی بلوں کے تنازعہ پر دو افغان گروپوں میں تصادم اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں پانچ سگے بھائیوں سمیت چھ افراد جاں بحق سات زخمی ہوگے پولیس نے ملزمان میں سے تین افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

 واقعہ کے بعد دوبارہ تصادم کے خدشہ کے پیش نظر علاقہ میں سرچ آپریشن کے ساتھ سیکورٹی سخت کردی گی ریسکیو 1122اور پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے لاشوں کو تدفین کے لیے ورثاء کے حوالہ کر دیا ہے

 اس ضمن میں ذرائع نے بتایا ہے کہ صبح گیارہ بجے کے قریب نواحی علاقہ کھلابٹ ٹاؤن چاندنی چوک میں احساس پروگرام کی رقم لینے کے لیے قطار بنی ہوئی تھی کہ بجلی بلوں کے تنازعہ پر دو افغان گروپوں میں تصادم اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں پانچ سگے بھائیوں سمیت چھ افراد جاں بحق سات زخمی ہوگے

 واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی پی او سید اشفاق انور خودموقع پر پہنچ گئے جن کی ہدایات پر فوری داخلی و خارجی علاقوں پر سیکورٹی سخت کی گئی

 پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں بات سامنے آئی ہے کہ افغان مہاجرین میں بجلی کے بلوں کی تقسیم اورلین دین رقم کا تنازعہ تھا جس پر چاندنی چوک میں افغان مہاجرین کا ایک جرگہ ہورہاتھا

جس میں تلخ کلامی کے بعد معاملہ طول پکڑ کر شدت اختیار کرگیا پولیس کے مطابق تین ملزمان کوگرفتار کرلیاگیا ہے دیگر کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا

 لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں قتل ہونے والوں کی شناخت حاکم خان،عابد فقیر گل، ہیبت شاہ، حبیب انور، گلاب خان کے نام سے ہوئی ہے

 واقعہ کے بعد شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہسپتال ٹراما سنٹر آمڈ آئی جس کے باعث ہسپتال کے مرکزی دروازے سمیت سیکورٹی کے لیے اضافی نفری کو بھی تعینات کردیا گیا ہے

 یاد رہے کہ جدید اسلحہ سے فائرنگ کرکے فرار ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔