تھائی لینڈ کو پاکستانی برآمدات میں 45۔41فیصد اضافہ

 

اسلام آباد۔ 2019ء کے دوران تھائی لینڈ کو پاکستانی برآمدات میں 41.45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں‘پاکستان اور تھائی لینڈ کی دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں

 تھائی لینڈ کے سفارتی حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 2019ء کے دوران پاکستان اور تھائی لینڈ کی باہمی تجارت 1.47 ارب ڈالر تک پہنچ گئی‘ جبکہ اس دوران پاکستانی برآمدات میں 41 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ سے کروڈ آئل‘ آٹو موبائلز‘ کیمیکلز‘ ربڑ پراڈکٹس‘ مشینری اور پولیمر وغیرہ درآمد کرتا ہے‘ جبکہ پاکستان کی بڑی برآمدات میں گارمنٹس، ٹیکسٹائلز اور زندہ جانور وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں‘اس حوالے سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو اپنا کردار ادا
کرنا ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کی مارکیٹ کی ضروریات سے آگاہی ہوگی‘جس سے باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔