اسلام آباد۔ جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 187 ملین ڈالر کمی ہوئی ہے‘اس دوران ملکی برآمدات میں 6.04 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 1.97 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ1.640 ارب ڈالر تک کم ہوگیا‘جبکہ جولائی 2019ء کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 1.827 ارب ڈالر رہا تھا‘
اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے آغاز پر جولائی2020ء کے دوران تجارتی خسارہ میں 187 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے‘جولائی 2020ء کے دوران مجموعی قومی برآمدات 6.04 فیصد اضافہ سے 2 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔جبکہ جولائی 2019ء میں 1.886 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔
دوسری جانب مجموعی درآمدات 1.97 فیصد کی کمی سے اسی عرصہ کے دوران 3.713 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.640 ارب ڈالر تک کم ہوگئیں‘اس طرح برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ میں 18کروڑ70 لاکھ ڈالر کی کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے علاوہ قومی خزانہ پرادائیگیوں کے دباؤ میں بھی کمی ہوئی ہے۔