سلامتی کونسل ارکان کی ایران پر عالمی پابندیاں بحال کرنے کی مخالفت 

 

نیویارک۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیشتر ارکان نے ایران پر عالمی پابندیاں بحال کرنے کے امریکی مطالبے کی مخالفت کردی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں ایک خط پیش کیا تھا جس میں ایران پر عالمی پابندیاں بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران پر پابندیاں بحال کرنے کے معاملے پر امریکا کو تنہائی کا سامنا ہے کیونکہ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 13 نے ایران پر پابندیاں بحال کرنے کی مخالفت کی ہے۔

سلامتی کے کونسل کے 13 رکن ممالک نے امریکی خط پر رد عمل میں کہا ہے کہ جس نیو کلیئر ڈیل سے امریکا دو سال قبل دستبردار ہوچکا ہے اس کو استعمال کرتے ہوئے واشنگٹن کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے اہم اتحادی برطانیہ سمیت فرانس، جرمنی، بیلجیئم، چین، روس، ویتنام، نائجر، جنوبی افریقا، انڈونیشیا اور تنزانیہ نے امریکی اقدام کی مخالفت میں جوابی خط لکھا ہے۔سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ روس اور چین سمیت دیگر ممالک ایران پر پابندیاں بحال کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔