کابل.افغان حکام کے مطابق افغانستان کی پہلی فلم ڈائریکٹراوراداکارہ صبا سحر قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئیں 44 سالہ اداکارہ کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تاہم ابھی تک یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے یا نہیں۔
ان کے شوہر ایم ذکی نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ منگل کو کام پر جا رہی تھیں کہ دارالحکومت کابل میں ایک مسلح شخص نے ان کی گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے دو محافظوں کو بھی گولیاں لگی ہیں۔صبا سحر افغانستان کی مقبول اداکارہ اور ہدایتکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کی سرگرم کارکن بھی ہیں۔ان کے بقول اس وقت گاڑی میں صبا سحر سمیت پانچ افراد تھے جن میں ڈرائیور، دو محافظ، صبا سحر اور ایک بچہ شامل ہیں۔ بچے اور ڈرائیور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ شوہرکے مطابق ان کے پیٹ میں گولیاں لگی ہیں۔