کراچی (شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کا گانا ”ضروری تھا“ نے یوٹیوب پر ویوز کے لحاظ سے ریکاڑ قائم کرتے ہوئے سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گانا بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
”ضروری تھا“ کی آفیشل ویڈیو کو یوٹیوب پر دیکھنے والوں کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی جس کے بعد یہ گانا کسی بھی پاکستانی گانے کے مقابلے میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا اور پسند کیا جانے والا گانا بن گیا ہے۔ اس گانے کو پسند کرنے والوں نے اسے ایک نیا اعزاز بخشا ہے۔
”یو ٹیوب“ پر اب تک اسے ایک ارب افراد دیکھ چکے ہیں اور اس میں اب بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا انسٹاگرام پر راحت فتح علی خان نے سنگِ میل عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ایک پوسٹ بھی شیئر کی۔
گانے کو سروں میں ڈھالنے والے یا کمپوزر ساحر علی بگا ہیں‘ جو راحت فتح علی کے بیشتر گانوں کا میوزک کمپوز کر چکے ہیں۔
خلیل الرحمن قمر کے لکھے گئے گانے ”ضروری تھا“ کو یہ اعزاز حاصل ہوگیا ہے کہ یہ پاکستان کا پہلا گانا ہے جسے اتنے زیادہ لوگوں نے دیکھا ہے۔