لاس اینجلس۔ایکشن فلم ”مشن امپوسبل 7“ کی شوٹنگ میں مصروف ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کورونا کی وباء کے باوجود حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ”ٹینیٹ“ دیکھنے سینما ہاؤس پہنچ گئے‘ انہوں نے مداحوں سے بھی سینما ہالز آنے کی اپیل کی۔
ٹام کروز نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم دیکھنے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے وباء کے باوجود احتیاطی تدابیر کے ساتھ فلم دیکھی۔
ویڈیو میں اداکار کو اپنی گاڑی میں فیس ماسک پہن کر لندن کے معروف سینما ہالز جاتے ہوئے اور انہیں لوگوں سے بھرے سینما میں ”ٹینیٹ“ دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے باوجود سخت احتیاطی تدابیر یعنی فیس ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے سینما ہالز میں ریلیز ہونے والی فلموں کو دیکھنے پہنچے۔
پاکستان میں بھی گزشتہ ماہ جولائی سے لاک ڈاؤن میں کافی نرمی کردی گئی ہے اور سینما مالکان کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہالز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے‘ تاہم تاحال سینما مالکان نے ہالز کو نہیں کھولا۔