نیو ہیمپشائر۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملک میں ایک خاتون صدر کو دیکھنا پسند کریں گے لیکن ان کے خیال میں سینیٹر کملا ہیرس ایک لائق امیدوار نہیں، ان کی بیٹی اور وائٹ ہاؤس کی سینئر مشیر ایوانکا ٹرمپ اس عہدے کے لیے بہتر ہیں۔
امریکی ٹی وی کے مطابق نیو ہیمپشائر میں ایک ری پبلکن مہم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے بھارتی نڑاد سینیٹر کملا ہیرس کی قابلیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا آپ جانتے ہیں کہ میں پہلی خاتون صدر دیکھنا چاہتا ہوں لیکن میں کسی خاتون کو اس عہدے تک ایسے پہنچتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا جس طرح وہ جا رہی ہیں، اور وہ لائق نہیں ہیں۔
خطاب کے دوران کملا ہیرس کی قابلیت پر تنقید کرنے پر ٹرمپ کو تالیوں کی صورت میں جواب دیا گیا جبکہ بھیڑ میں سے ایوانکا ٹرمپ کے نعروں کی بھی آوازیں آئیں۔
انہوں نے اپنے حمایتیوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کہہ رہے ہیں کہ انہیں ایوانکا چاہیے۔ میں آپ کو الزام نہیں دیتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کملاہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی دوڑ اس لیے چھوڑی تھی کیونکہ ان کی مقبولیت ایک ہندسے تک پہنچ گئی تھی۔