تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گی، امریکی صدر کے مشیر کا دعویٰ

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیمشیر اورداماد جیریڈ کشنر نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گی، اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بہت جلد متوقع ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شاید دوسرے اسلامی اور خاص طور پر خلیجی ممالک بھی اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گے۔


اسی سلسلے میں جہاں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب اور ایران بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، وہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اورداماد جیریڈ کشنر کئی بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ آنے والے دنوں میں متعدد اسلامی ممالک اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔ تاہم اب ایک بار پھر سے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد نے اسلامی ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے معاملے پر دعویٰ کیا ہے کہ تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہی ہیں۔

جیریڈ کشنر کے اس بیان کے بعد انہیں اور اسرائیل کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھانا بند کرے، اور کوئی بھی اسلامی ملک اسرائیل کو ہرگز تسلیم نہ کرے۔