افغان حکومت نے مزید 200طالبان جنگجوؤں کو رہا کردیا 


کابل۔افغان حکومت نے لویہ جرگہ کی منظوری کے بعد خطرناک مقدمات میں اسیر مزید 200 طالبان جنگجوؤں کو رہا کردیا جس کے جواب میں طالبان نے بھی اسپیشل فورس کے 6 مغوی اہلکاروں کو آزاد کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی ہدایت پر سنگئن مقدمات کا سامنا کرنے والے 400 طالبان جنگجوؤں میں سے مزید 200 کو آج رہا کردیا گیا۔

 قبل ازیں 80 سے زائد قیدیوں کے ایک گروپ کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا ہے۔ان 200 جنگجووں کو کابل کی مرکزی جیل سے رہا کردیا گیا جس کے بدلے میں طالبان نے افغان اسپیشل فورس کے 6 مغوی اہلکاروں کو آزاد کردیا تاہم ان اہلکاروں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

کابل حکومت کی اہم شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنا چاہتے ہیں تاکہ جلد از جلد انٹرا افغان ٹاک کا آغاز کیا جا سکے۔

دریں اثنا، قطرمیں طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے عمل کو بین الافغان مذاکرات کے آغا ز کی جانب مثبت قدم قرار دیاہے۔

دوسری جانب ترجمان افغان اعلی کونسل برائے قومی مفاہمت نے کہاہے کہ بین الافغان مذاکرات کی راہ میں آنیوالی تمام رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں، قیدیوں کے تبادلے کاعمل جلد مکمل ہوجائیگا، مذاکراتی ٹیم بین الافغان مذاکرات کیلئے دوحہ جانے کیلئے مکمل تیار ہے۔