کنگنا پاکستان کیخلاف بولنا چھوڑدیں تو بالی ووڈ میں کہیں نظر نہ آئیں، فیروز خان

 

 اداکار فیروز خان نے ایک بار پھر کنگنا رناوت کو سبق سکھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کنگنا رناوت پاکستان کے خلاف بولنا چھوڑدیں تو بالی ووڈ میں کہیں نظر ہی نہ آئیں۔

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت اپنی فلموں سے زیادہ پاکستان مخالف بیانات دینے کے لیے مشہور ہیں۔ کنگنا اکثر سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر اگلتی نظر آتی ہیں اور اب تو صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ ان کی ہر دوسری ٹوئٹ پاکستان مخالف بیانات سے شروع ہوکر پاکستان کے نام پر ہی ختم ہوتی ہے۔

پاکستان مخالف بیانات دے کر کنگنا رناوت خبروں میں رہتی ہیں ورنہ ان کا بالی ووڈ میں کوئی خاص قابل ذکر کام تو ہے نہیں جس کی وجہ سے انہیں شہرت ملے۔ ایک بار پھر کنگنا رناوت نے بھارت کے اندرونی معاملات میں پاکستان کو بیچ میں لاکر اپنی سطحی سوچ کا ثبوت دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیروز خان کی کنگنا رناوت کو پاکستان میں ’چائے‘ کی دعوت

کنگنا رناوت نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا کے لیڈر سنجے راوت کی جانب سے انہیں دی جانے والی دھمکی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا سنجے راوت نے انہیں کھلی دھمکی دی ہے کہ میں ممبئی نہ آؤں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے اندرونی معاملے میں بلاوجہ پاکستان کو بیچ میں لاتے ہوئے کہا ممبئی کیوں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی طرح محسوس ہورہا ہے؟

کنگنا رناوت کی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار فیروز خان نے کنگنا رناوت کو بالی ووڈ میں ان کی حقیقت دکھاتے ہوئے کہا ’’اگر تم اپنی ٹوئٹس میں یہ قیمتی نام ’پاکستان‘ لینا چھوڑ دو تو بالی ووڈ میں کہیں نظر نہ آؤ۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک بار پھر کنگنا رناوت کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا حوالہ دیتے ہوئے ان پر طنز کیا ’’اچھا چھوڑو یہ بتائیں چائے؟‘‘


واضح رہے کہ چند روز قبل جب کنگنا رناوت نے اپنی نئی فلم کا پوسٹر شیئر کیا تھا جس میں وہ پائلٹ بنی ہوئی ہیں تو فیروز خان نے انہیں طنزیہ انداز میں پاکستان میں چائے پینے کی دعوت دیتے ہوئے بھارت کے بزدل پائلٹ ابھی نندن کی یاد دلائی تھی۔