کراچی: 90ء کی دہائی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’دھواں‘ کے کرداروں کی ایک یادگار تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے شائقین کے ذہنوں میں ڈرامے کی یادیں تازہ کردیں۔
سجاد احمد کی ہدایت کاری میں 1994ء میں پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’ دھواں ‘ ڈراموں کی تاریخ کا وہ بہترین تخلیق ہے جسے لوگ آج بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں، اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کے نشر ہونے کے دوران سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا تھا اور ہر طرف لوگ ٹی وی کے آگے بیٹھے نظر آتے تھے۔
منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم میں عاشر عظیم اظہر کا کردار ادا کرتے ہیں اور اُن کے ساتھ نوید، واجد، داؤد اور حمید بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس ڈرامے میں سارہ، عظمیٰ اور سلمان جیسے کردار بھی تھے جنہوں نے اس ڈرامے کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عاشر عظیم کے لکھے اس ڈرامے کو لوگ آج بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں حتیٰ کہ نہ صرف ڈرامہ بلکہ اس کے کرداروں کو ایک بار پھر سے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن حقیقی طور پر سب کرداروں کو ایک ساتھ دیکھنا ممکن تو نہیں لیکن ان سب کی ایک یادگار تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
عاشر عظیم کے فیس بک پیچ پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں داؤد (نبیل) کے علاوہ تمام مرکزی کردار موجود ہیں۔ نہ صرف مرکزی کردار بلکہ ڈرامے میں ولن (بزنس مین) کا کردار ادا کرنے والے نیئر اعجاز بھی موجود ہیں۔ اُن کے ہمراہ دیگر کردار بھی ہیں جوکہ عاشر عظیم کی ٹیم کے خلاف پیش پیش رہے۔
شیئر کردہ تصویر نے شائقین کو ایک بار پھر ماضی میں دھکیل دیا، سب نے اس تصویر کو دیکھنے کے بعد اس ڈرامہ کو پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ کا بہترین ڈرامہ قرار دیا۔
محمد حمزہ خان نے تصویر پر ردعمل میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر نے ایک بار پھر دھواں ڈرامے کی یادوں کو ذہن میں تازہ کردیا، مجھے اُمید ہے کہ ہمیں اس طرح کے مزید ڈرامے دیکھنے کو ملیں گے۔
آصف نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کاش کہ یہ وقت پھر سے لوٹ کر واپس آجائے۔
جتندر نامی صارف نے کہا کہ دھواں ڈرامہ میری زندگی کا ناقابل فراموش سیریل ہے، میں آج بھی اس ڈرامے کو دیکھنا پسند کرتا ہوں حتیٰ کہ یہ پورا ڈرامہ میرے موبائل میں بھی موجود ہے۔