کورونا شدت میں کمی، 4نئی پشتو فلمیں بنانے کا اعلان 

 

پشاور۔کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں تمام شعبہ زندگی کو متاثر کیا وہاں پر فلمی انڈسٹری نے بھی کافی نقصان اٹھایا۔ 

ہالی ووڈ، بالی ووڈ اور لالی ووڈ سمیت  پشتو سنیما بھی بری طرح متاثر ہوئی، تقریباً پانچ ماہ تک فلم انڈسٹری پر مکمل سناٹاچھایا رہا اس دوران اردو، پشتو اور پنجابی فلمیں نہیں بنیں تاہم کورونا وائرس کی شدت میں کمی آنے سے پشتو فلم سازوں نے چار نئی پشتو فلمیں بنانے کا اعلان کیا ہے۔

ان پشتو فلموں میں  ہدایت کار شاہد عثمان کی فلم ”یوبل دیدن“ میں ارباز اور شاہد خان آمنے سامنے ہونگے۔ 

ہدایت کار عابد نسیم خان کی نئی فلم ”یا قربان“ میں ارباز خان نظر آئینگے جبکہ ہدایت کار ارشد خان کی نئی پشتو فلم ”خیر دے ملنگی دہ“ میں شاہد خان اور ارباز خان شامل ہیں جبکہ ہدایت کار و اداکار ارباز خان کی نئی فلم بنا رہے ہیں جس میں ارباز خان نے اداکاری کیساتھ ساتھ ہدایت کاری بھی کی ہے۔

 یہ فلمیں جلد نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ پشتو فلموں کے نامور ہدایتکار ارشد خان نے ایک ملاقات میں ”آج“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا نے فلم انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ہماری سال میں تقریباً چھ پشتو فلمیں بنتی ہیں جب کہ گزشتہ پانچ چھ ماہ سے ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اب جبکہ زندگی رواں دواں ہوئی ہیں تو ہم نے بھی کمرکس لی ہے شائقین کو اپنی سابقہ روایات برقرار رکھتے ہوئے بہترین فلمیں پیش کرینگے۔

دریں اثناء آل پاکستان ارباز خان فیڈریشن سوات کے چیئرمین رسول خان ارباز نے فلموں کی پروڈکشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اچھا اقدام قرار دیا۔