گلوکار و اداکار ندیم جعفری بھی کورونا میں مبتلا

لاہور۔47 سالہ گلوکار و اداکار ندیم جعفری بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے‘ میزبان اور ٹی وی سٹار فخر عالم نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے بہترین دوست  ندیم جعفری بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

 فخر عالم نے ندیم جعفری کی طبیعت سے متعلق زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں‘ تاہم انہوں نے مداحوں سے اداکار کی صحت یابی کیلئے دعا کی درخواست کی۔

 فخر عالم کی جانب سے ندیم جعفری کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع پر کئی مداحوں نے اداکار کی صحت یابی کیلئے دعائیں کیں۔ 

ندیم جعفری نے انتہائی کم عمری میں بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا تھا‘ وہ ماضی کے متعدد گلوکاروں اور میوزیکل بینڈز کے ساتھ پرفارم کر چکے ہیں۔

 ندیم جعفری نے جہاں متعدد میوزیکل بینڈز کے ساتھ موسیقی ترتیب دی‘ وہیں انہوں نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی کی‘ ساتھ ہی انہوں نے اداکاری میں بھی جوہر دکھائے۔

 ندیم جعفری کا شمار 90ء کی دہائی کے مقبول موسیقاروں میں ہوتا ہے۔