پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان اعجاز شادی شدہ ہوتے ہوئے بھی غیر عورتوں کے ساتھ محبت کا برملا اعتراف کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے۔
نعمان اعجاز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ عفت عمر کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی ان محبتوں کا اعتراف کررہے ہیں جن کے بارے میں ان کی اہلیہ کو بھی نہیں معلوم۔
انٹرویو کے دوران عفت عمرنے نعمان اعجازسے کہا کہ فنکارتھوڑے عاشق مزاج ہوتے ہیں تو اس صورتحال میں آپ کی کامیاب شادی شدہ زندگی کا رازکیا ہے۔ جس پرنعمان اعجازنے کہا کہ ہم تھوڑے نہیں بلکہ بہت زیادہ عاشق مزاج ہوتے ہیں اوراپنی کامیاب شادی شدہ زندگی کا سہرا انہوں نے اپنی بیوی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ہم اس شادی کو ایک رشتہ اور ذمہ داری سمجھ کر نبھارہے ہیں اس لیے ہماری شادی آج بھی قائم ہے۔
میزبان عفت عمر نے نعمان اعجاز سے پوچھا کبھی آپ کا دل پھسلا؟ جس پر انہوں نے کہا کہ میرا ایک بار نہیں کئی بار دل پھسلا ہے یہاں تک کہ میں راستے میں جارہا ہوں تو بھی میرا خواتین کو دیکھ کر دل پھسل جاتا ہے اور میں اسے کنٹرول بھی نہیں کرتا۔
عفت عمرنے ایک اور سوال پوچھا کہ کیا آپ کو زندگی میں کبھی ایک دن کی محبت ہوئی؟ جس پر نعمان اعجاز نے کہا ایک دن کی کیا مجھے ہر لمحے محبت ہوتی ہے، روز ہوتی ہے میں تو بہت زیادہ محبت کرنے والا آدمی ہوں اور مجھے تو عشق ہی اس خاتون سے ہوتا ہے جو اندر اور باہر سے خوبصورت ہوتی ہے اور مشکل ہوتی ہے۔
عفت عمر نے حیرانی سے پوچھا کیا آپ کی بیگم اس بات کا برا مناتی ہیں کہ آپ ان کے ہوتے ہوئے دوسری خواتین کے عشق میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس پر نعمان اعجاز نے کہا میں ایک بہت اچھا اداکار اور عقلمند شخص ہوں، میں اپنی بیگم کو اس بارے میں پتہ ہی نہیں چلنے دیتا۔ یہاں تک کہ جن خواتین کے ساتھ میرے تعلقات ہوتے ہیں ان کے شوہروں کو بھی ہماری محبت کا علم نہیں ہوتا۔
اسی انٹرویو کے دوران نعمان اعجاز نے خواتین کو ہراساں کرنے والی عالمی مہم ’’می ٹو‘‘کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ یہ سب دین سے دوری کی وجہ سے ہورہا ہے۔ کیونکہ اس قوم کو دین سمجھ ہی نہیں آرہا۔ ہماری قوم کیو ٹی وی اور ایم ٹی وی کے درمیان میں پھنسی ہوئی ہے۔
نعمان اعجاز کا یہ انٹرویو کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگ ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں منافق کہہ رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا نعمان اعجاز ’’کول‘‘ بننے کے چکر میں مارے گئے۔ کچھ لوگوں نے کہا برا کام کرو اور فخر سے بتاؤ واہ کیا ٹیلنٹ ہے۔ اگر ان کی بیوی یہ سب کسی اور مرد کے بارے میں بول دیتی تو فوراً غیرت جاگ جاتی۔