ثناء جاوید کے انسٹا گرام پر 5 ملین فالوورز

 

لاہور۔معروف اور باصلاحیت اداکارہ ثناء جاوید نے اداکاری کی دنیا کے بعد انسٹاگرام پر بھی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

 ڈرامہ سیریل ”خانی“ سے شہرت پانے والی ثناء جاوید کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 5ملین یعنی 50 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں جس کے بعد ثناء جاوید بھی اْن نامور پاکستانی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 50 لاکھ یا اس سے زیادہ ہے۔

 ثناء جاوید کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہ زیادہ تر اپنی دلکش تصاویر پوسٹ کرتی نظر آتی ہیں اِس کے علاوہ ثناء جاوید بعض اوقات موقع کی مناسبت سے بھی اپنے مداحوں کیلئے معنی خیز پیغامات بھی جاری کرتی ہیں۔

 اس سے قبل معصوم سی صورت اور بڑی آنکھوں والی خوبصورت اداکارہ سارہ خان کے انسٹا گرام پر 55 لاکھ سے زائد فالوورز ہوئے تھے۔

 واضح رہے کہ پاکستانی اداکاراؤں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کی طرف نظر دوڑائی جائے تو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ایمن خان ہیں جن کے اس وقت انسٹاگرام پر 7 اعشاریہ 3 ملین فالوورز ہیں‘ 

دوسرے نمبر پر صف اول اداکارہ ماہرہ خان ہیں جن کے 6 اعشاریہ6 ملین فالوورز ہیں جبکہ اس فہرست میں ایمن خان کی بہن مینال خان تیسرے نمبر پر موجود ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 6 اعشاریہ ایک ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔