گلوکارہ حدیقہ کیانی اب ڈراموں میں ”انٹری“ کیلئے تیار 

 


لاہور۔ پاکستان میوزک انڈسٹری کی مقبول ترین اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی ڈرامہ انڈسٹری میں بطور اداکارہ قدم رکھنے کیلئے تیار ہیں۔

 موسیقی کی دنیا کے بعد اب حدیقہ کیانی ڈرامہ انڈسٹری میں بھی اپنا نام منوانے کیلئے پرجوش ہیں جس کی اطلاع فریال محمود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے دی ہے۔

 فریال محمود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حدیقہ کیانی کے ہمراہ اپنی دو تصاویر پوسٹ کیں‘ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں گلوکارہ کے مداحوں کو ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ حدیقہ کیانی جلد ہی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والی ہیں۔

 اداکارہ نے کہا کہ گلوکارہ کے پہلے ڈرامہ سیریل کا نام ”رقیب سے“ ہے جوکہ ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا جائے گا۔

 اْنہوں نے حدیقہ کیانی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو جاننے سے پہلے میں ہمیشہ یہی سوچتی تھی کہ آپ کی شخصیت کیسی ہوگی لیکن آپ کو جاننے کے بعد میں نے جو خوشی محسوس کی ہے وہ اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کی۔