’پیارکے صدقے‘ اور’عشقیہ‘ کے بعد ڈراما ’جلن‘ پربھی پابندی عائد

 
پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے ڈرامہ ’’پیار کے صدقے‘‘ اور’’عشقیہ‘‘ کے بعد ’‘جلن‘‘ پر بھی پابندی عائد کردی۔

گزشتہ روزپیمرا کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پرجاری کی جانے والی پریس ریلیزکے مطابق پیمرا نے نجی چینل کے ڈرامے ’’جلن‘‘ کی نشریات پرفوری طورپرمکمل پابندی عائد کردی ہے۔ مذکورہ ڈراما سیریل میں سماجی اورمذہبی اقدار کے منافی مواد نشر کرنے پر شدید عوامی ردعمل اورشکایات موصول ہورہی تھیں۔

چینل کی جانب سے ڈرامہ کے اسکرپٹ میں خاطرخواہ تبدیلی نہ ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت مذکورہ ڈراما نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ چینل انتظامیہ کو بارہا متنبہ کیا گیا تھا کہ ڈرامے کے مواد کا جائزہ لیں اوراسکرپٹ کو پاکستانی اقدار کے مطابق بنائیں بصورت دیگر پیمرا آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ پیمرا نے مورخہ 18 اگست کو تمام چینلز کومفصل مراسلہ/ ہدایت نامہ جاری کیا تھا اور ڈراموں کے مواد کو پاکستانی اقدار کے مطابق بنائے جانے سے متعلق حتمی ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔ تاہم چینل انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی کو حتمی قدم اٹھاتے ہوئے ڈراما سیریل ’’جلن‘‘کی نشریات پر پابندی عائد کرنا پڑی جس پر اے آر وائی ڈیجیٹل کو فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل پیمرا سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد نشر کرنے پر  ڈراما سیریل ’’پیار کے صدقے‘‘اور ’’عشقیہ‘‘کے نشر مکرر پر بھی پابندی عائد کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ ڈراما سیریل’’جلن‘‘کی کہانی دو بہنوں منال خان اوراریبہ حبیب کے گرد گھومتی ہے ۔ اداکارعماد عرفانی نے ڈرامے میں اریبہ حبیب کے شوہر کا کردار نبھایا ہے ۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ منال خان اپنی ہی بہن کے شوہرپربری نظررکھتی ہے جب کہ ڈرامے میں کچھ مناظر ایسے ہیں جنہیں فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھا  جاسکتا۔