باہمی کرکٹ سیریز پر اب بھارتی بورڈ سے بات نہیں کریں گے، احسان مانی

لاہور . پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ باہمی کرکٹ سیریز پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے اب بات نہیں کریں گے.اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کوبات کرنی چاہیے۔

 

ایک بیان میں احسان مانی نے کہاکہ پاک بھارت کرکٹ بورڈز میں سیریز سے متعلق بات چیت شروع نہیں ہو رہی، بھارتی بورڈ سے کئی بار بات کی ہے لیکن اب نہیں کریں گے، اب معاملہ بھارت کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ باہمی کرکٹ سیریز پر بات چیت کے لیے سیاسی معاملات نارمل ہونا ضروری ہیں، سیاسی صورت حال نارمل ہونے پر کرکٹ بحالی کی بات ہوسکے گی۔

 

احسان مانی نے کہاکہ بھارت کے ساتھ ٹی 20 لیگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، صدربھارتی بورڈ ساروگنگولی سے پاکستانی کرکٹرز کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں جانیکی درخواست نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے مطابق حکومتی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، اس لیے اب آئی سی سی کوبات کرنی چاہیے، بدقسمتی سے بھارتی بورڈ کے ہاتھ میں کچھ نہیں جب کہ پاکستان میں ہمیں ایسے مسائل کاسامنا نہیں ہے۔