لاہور۔نئے ڈومیسٹک سیزن کے لیے کرکٹرز کے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے کہاہے کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارے کھلاڑی ملک بھر میں موجود ہیں، لاجسٹک مسائل کے باعث پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کرکٹرز خود کروارہے ہیں تاہم پی سی بی ان تمام کھلاڑیوں کو پہلے کوویڈ 19ٹیسٹ کے واجبات کی ادائیگی بعد میں کردے گا۔
تمام کھلاڑیوں کے دوسرے کوویڈ 19ٹیسٹ پی سی بی کے سنٹرل سٹیشن پر ہوں گے جب کہ دوسری کوویڈ 19ٹیسٹنگ پی سی بی خود کرے گا۔
ندیم خان نے کہا کہ دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کرکٹرز 25ستمبر کو اپنی ڈومیسٹک ٹیموں کو جوائن کریں گے، انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد کھلاڑیوں کو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دی گئی ہے، کوویڈ 19کی حالیہ صورتحال میں یہ پاکستان میں یہ کرکٹ کا سب سے بڑا آپریشن ہے، فخر ہے کہ پی سی بی ان حالات کے باوجود 30 ستمبر سے اپنے ڈومیسٹک سیزن کا باقاعدہ آغاز کرنے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں نے بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور بائیو سیکیور ماحول میں وقت گزارا جہاں بہت مشکل تھا تاہم سب نے بھرپور تعاون کیا جس کے باعث دورہ انگلینڈ انتہائی کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوا۔
خاص طور پر نئے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کے بھرپور مواقع ملے اور ہمیں امید ہے کہ نئے کھلاڑی بھی سینئرز کو دیکھ کرسیکھیں گے کیونکہ کھلاڑیوں کی صحت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور ہم سب کو اس کا بھرپور خیال رکھنا پڑے گا کوروناوائرس سے بچاؤ کی تمام تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا اس کے ساتھ ساتھ آفیشلز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی بھرپور طریقے سے ایس اوپیز پر عمل درآمدکریں گے۔