حریم فاروق نے ملکہ ترنم نور جہاں کا انداز اپنالیا

 

کراچی۔پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق کی انسٹاگرام ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ لیجنڈ گلوکارہ میڈم نور جہاں کو خراج تحسین پیش کررہی ہیں۔ 

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حریم فاروق میڈم نور جہاں کے مشہور پنجابی گانے ’مْنڈیا سیالکوٹیا‘ گنگنا کر انہیں خراج تحسین پیش کررہی ہیں‘ اداکارہ کی ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

 حریم فاروق نے طویل پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے ویڈیو بنانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے دادا ابو‘ میڈم نور جہاں کی فلم’’انار کلی“ دیکھ رہے تھے جب وہ بہت چھوٹی تھیں اور یہ فلم ان کی بچپن کی یادوں میں سے ایک ہے۔

 اداکارہ کا کہنا تھا میں بچپن میں میڈم نور جہاں کا مشہور گانا ”سدا ہوں اپنے پیار کی‘‘اکثر گنگناتی رہتی تھی‘ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ اس گانے کے خوبصورت اور بے مثال اظہار نے دل موہ لیا تھا اور میں اس سے اپنی آنکھیں نہیں چرا سکتی تھی۔ 

حریم فاروق کاکہنا تھا کہ اس ویڈیو کا کسی سے بھی موازنہ نہیں ہے میں ان کی عظمت کو حاصل کرنے کا صرف خواب ہی دیکھ سکتی ہوں جو ملکہ ترنم نور جہاں کو ملا۔ واضح رہے کہ اداکارہ متعدد ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں‘حال ہی میں انہوں نے فلم ”دوبارہ پھر سے“ اور’’پرچی“ میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا تھا۔