شارجہ: بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین سارو گنگولی بھی پاکستان دشمنی میں سامنے آگئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نئے چیئرمین سارو گنگولی نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھڑے ہوکر تصویر پوسٹ کی اور پیچھے پوسٹر پر موجود پاکستانی کھلاڑیوں کی تصویر کو دھندلا کردیا۔
گنگولی نے آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل انتظامات دیکھنے کے لیے شارجہ اسٹیڈیم پہنچے تھے، گروپ فوٹو بنوانے کے دوران گنگولی کے عقب میں پاکستانی لیجنڈ کھلاڑی جاوید میانداد، سابق وکٹ کیپر راشد لطیف، سابق کپتان مصباح الحق اور سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا کی تصاویر موجود تھی جسے انہوں نے دھندلا کردیا۔
گنگولی کے اس طرز عمل پر مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا، مداحوں نے لکھا کہ گنگولی کا یہ عمل اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں شارجہ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آتی تھیں، شارجہ کا میدان سچن ٹنڈولکر، سنتھ جے سوریا، شین وارن، وسیم اکرم ودیگر کرکٹرز کے لیے یادگار رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ بڑھنے کے بعد سے باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی، آخری بار دونوں ٹیمیں 2013 میں مدمقابل آئی تھیں جبکہ آئی سی سی ایونٹس میں شائقین کو پاک بھارت مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں۔