لندن: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وائٹلٹی بلاسٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے سنچری جڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وائٹلٹی بلاسٹ میں گلیمورگن کی نمائندگی کرتے ہوئے ناقابل شکست شاندار سنچری اسکور کی۔
گلیمورگن کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم نے 62 گیندوں پر 114 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، بابر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بابر اعظم کی اننگز میں 9 چوکے اور پانچ بلند و بالا چھکے شامل تھے، بابر کا 114 رنز ٹی ٹوینٹی کیریئر کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے تیز ترین کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، انہوں نے 145 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے شان مارش 144 اور کرس گیل 132 اننگز میں پانچ ہزار رنز بناچکے ہیں۔
بابراعظم ٹی 20 میں 5 ہزار رنز بنانے والے چھٹے پاکستانی بیٹسمین ہیں، اس سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ، کامران اکمل، احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی 5 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔
سنہ 2016 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم 29 ٹیسٹ، 74 ون ڈے، اور 41 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔
وہ اب تک ٹیسٹ میں 2 ہزار 45 اور ون ڈے میچز میں 3 ہزار 359 رنز بنا چکے ہیں۔