سعودی عرب نے مملکت میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اس کھیل کے فروغ کے لیے پاکستان سے مدد مانگ لی۔
اس حوالے سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی سفیر کاکہنا تھا کہ خطے میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی سعودی عرب میں مقبولیت حاصل کررہی ہے جس کی وجہ سے یہ کھیل سعودی عرب میں بھی مقبول ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ میں پاکستان کے وسیع تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں بھی کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ کھیل لوگوں کے لیے اور دونوں ممالک میں تعاون کے لیے بہت ضروری ہے تاکہ معاشرے کی اصل تصویر سامنے آسکے۔
ملاقات میں کھیلوں کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تجربات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کے پاس نوجوانوں کی ایک بہت بڑی طاقت ہے اور یہاں کے کھلاڑیوں میں بہت زیادہ صلاحیت اور ٹیلنٹ ہے لیکن انہیں تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے، اس کے لیے دونوں ممالک کا تعاون نہایت مؤثر ہوسکتا ہے۔