کورونا فری قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا راستہ صاف ہوگیا جب کہ کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کی دوسری رپورٹس بھی منفی آ گئیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے قبل وضع کردہ کورونا پروٹوکولز کے تحت صوبائی ایسوسی ایشنز کی 6ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں اور معاون سپورٹ اسٹاف کے 2کورونا ٹیسٹ منفی آنالازمی ہے۔
ان تمام104افراد نے پہلی جانچ اپنے طور پر متعلقہ شہروں میں کراتے ہوئے رپورٹس پی سی بی کو جمع کرا دی تھیں،ان میں صرف ایک کی رپورٹ مثبت آئی جس پر سینٹرل پنجاب، خیبر پختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز نے ملتان کے مقامی ہوٹل جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں نے مریدکے کنٹری کلب میں رپورٹ کردی، جمعے کو دونوں سینٹرل اسٹیشنز پر پی سی بی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں سیمپل جمع کیے گئے تھے۔
بورڈ کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں کلیئر ہونے والے تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی دوسری رپورٹس بھی منفی آئی ہیں، تمام افراد اب ٹورنامنٹ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے،مرید کے کنٹری کلب کے سینٹرل سٹیشن سے سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں بھی گذشتہ روز ملتان پہنچ گئیں، بائیوسیکیور ببل میں کھلاڑیوں کوآپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی لیکن عوامی مقامات پر آنے جانے سے گریز کرنا ہوگا۔
فرسٹ الیون اسکواڈز میں شامل کرکٹرز اپنے سپورٹ اسٹاف کے ہمراہ اتوار سے ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے، کورونا پروٹوکولز کے تحت 2وینیوز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیمیں الگ الگ اوقات میں ایکشن میں ہوں گی۔