لندن: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے وائٹلٹی بلاسٹ میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے مڈل سیکس کے خلاف 4 گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے مقررہ 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاہین آفریدی نے تمام کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہین آفریدی کی بولنگ کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کردی۔
اس سے قبل ہمپشائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، ہولینڈ اور ایلسوف 25، 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
مڈل سیکس کی جانب سے این اے سوٹر نے تین اور ہول مین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مڈل سیکس کی ٹیم 142 رنز کے تعاقب میں شاہین شاہ آفریدی کی تباہ بولنگ کے سامنے 18.1 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سیمپسن نے 48 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں بھی شاہین آفریدی نے کلین بولڈ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گلیمورگن کی نمائندگی کرتے ہوئے ناقابل شکست 114 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی تھی، بابر اعظم کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔