لاہور: پاکستانی ٹیم تیرہ ماہ بعد زمبابوے کے خلاف ملتان میں پہلاایک روزہ میچ کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم تیرہ ماہ بعد زمبابوے کے خلاف ملتان میں پہلاایک روزہ میچ کھیلے گی، جس میں بابراعظم پہلی بارقیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پاکستانی ٹیم نے آخری ون ڈے گزشتہ برس دو اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف کھیلا اور پانچ وکٹوں سے فتح پائی تھی۔
اس میچ میں سرفراز احمد نے قیادت کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ اب پاکستانی ٹیم نئے کپتان بابر اعظم کے ساتھ میدان میں اترے گی، ٹی ٹوئنٹی کپتان کو سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان کے وقت ایک روزہ ٹیم کا بھی کپتان مقررکیا گیا تھا۔
ذرائع کےمطابق سری لنکا کے خلاف کراچی میں آخری میچ کھیلنے والی ٹیم میں سے فخرزمان، افتخار احمد، محمدنواز، سرفراز احمد، محمد عامر، عثمان شنواری ، وہاب ریاض کی جگہ نئے چہروں کو زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز میں آزمائے جانے کا امکان ہے۔
نیشنل ٹی ٹورنامنٹ اٹھارہ اکتوبرکومکمل ہورہاہے جس کے بعد قومی ٹیم کا حصہ بننے والے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے منتخب کردہ کھلاڑیوں کی دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ ہوگی۔ زمبابوے ٹیم کی آمد کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی بائیو ببل کا حصہ بنادیاجائے گا۔