پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح کو صاف کہہ دیا ہے کہ انہیں اور دیگر کھلاڑیوں کو دوسری نوکریاں چھوڑنی پڑیں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ 10 سال بعد کرکٹ ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں لیکن کوئی اس کی تعریف نہیں کرتا، کسی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ایک روپیہ یہاں آنے کے لیے نہیں دیا جب کہ ماضی میں ویسٹ انڈیز کو پاکستان آنے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیط نے بغیر اجازت وزیراعظم سے ملاقات کی، یہ ڈسپلن کا معاملہ ہے جسے ضرور دیکھا جائے گا۔
پی ایس ایل فرنچائززکے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی پی ایس ایل فرنچائزز کو کہہ دیا تھا کہ آپ کے مالی اسٹرکچر درست نہیں ہیں۔
پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مصباح کو صاف کہہ دیا ہے کہ انہیں اور دوسرے کھلاڑیوں کو دوسری نوکری چھوڑنی پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں مالی بےضابطگیاں ہوئی ہیں لیکن اب یہ معاملہ کمیٹی میں ہے، اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی اور جو بھی سچ ہوا وہ سامنے لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اس وقت قومی کرکٹ ٹڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہیں جب کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی ہیڈکوچ ہیں۔